Start a Project
بلاگز کی طرف واپس
کنسٹرکشن گائیڈ

کنسٹرکشن گائیڈ (۳): گھر کی تعمیر کے لئے روڈمیپ وضع کرنا

نامناسب روڈمیپ کے بغیر کام شروع کرنا

کسی پلاننگ اور سمت کے تعین کے بغیر گھر کی تعمیر کا عمل شروع کرنا ایک تکلیف اور دردِ سر کا باعث بنتا ہے، کام شروع کرنے سے پہلے ایک روڈمیپ تیار کیا جائے جو آپ کو آپ کی منزلِ مقصود تک بغیر کسی مشکل کے پہنچائے گا، یا کم از کم رسک فیکٹر کو کم کرے گا، پیچیدگیاں بےشک آئیں گی، کچھ گڑبڑ بھی ہوگی، لیکن اگر آپ نے روڈ میپ وضع کیا ہوگا تو آپ ہمیشہ اپنی مشکلات کو حل کر پائیں گے۔

جب آپ کے پاس ان تمام سوالات کے جوابات آ جائیں جو ہم نے اپنے پرانے بلاگ “کام شروع کرنے سے پہلے اچھی ریسرچ نہ کرنا” میں ذکر کئے تھے، تو سمجھ جائیے کہ آپ نے روڈ میپ وضع کرنے کا پہلا قدم اٹھا لیا ہے، دوسرا اقدام آپ کا مالی وسائل جمع کرنا ہوگا تاکہ آپ کنسٹرکشن کے دوران مالی دشواریوں کی وجہ سے پھنس نہ جائیں، کام شروع کرنے سے پہلے اپنے بجٹ کی زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم حد کا تعین کر لینا ایک عقلمندانہ فیصلہ ہوگا۔

آپ کا تیسرا قدم یہ ہوگا کہ آپ فیصلہ کریں کہ گھر کی تعمیر آپ خود کرنا چاہیں گے یا پھر ٹرنکی کانٹریکٹ کے تحت کسی کنسٹرکشن کمپنی سے بنوائیں گے۔ ناتجربہ کار شخص کے لیے خود سے گھر کی تعمیر کرنا/کروانا بڑا مشکل کام ہے، دوسرے لفظوں میں اسے جہنم کی سختی اٹھانا بھی کہہ سکتے ہیں، اس کام میں بذات خود پڑنے سے پہلے آپ کے پاس کم از کم کچھ ٹیکنیکل نالج ہونی چاہئے۔ چلیں ہم فرض کر لیتے ہیں کہ آپ خود اپنے گھر کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں، تو اس میں دو ممکنہ سینیریو ہو سکتے ہیں، یا تو آپ پراجیکٹ بغیر کسی پریشانی اور مالی نقصان کے مکمل کر لیں گے، جس سے آپ اپنا قیمتی وقت کنسٹرکشن کو دے کر پیسے بھی بچا لیں گے، یا پھر آپ اپنا من پسند نتیجہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں گے، لاگت بھی اس سے کہیں زیادہ لگ چکی ہوگی جو کنسٹرکشن کمپنی نے آپ کو بتائی ہوگی، وقت اور توانائی کا ضیاع بھی ہوگا۔ اگر آپ کے پاس کنسٹرکشن کی مناسب نالج اور تجربہ کار لیبر کی جانکاری نہ ہوئی تو زیادہ امکان یہی ہے کہ آپ کو دوسرا سینیریو ہی پیش آئے گا۔

اگر آپ کسی کنسٹرکشن کمپنی سے ٹرنکی سروسز کے تحت کام لینا چاہتے ہیں تو آپ کو پورے پراجیکٹ کی تکمیل تک کسی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا، بس اس چیز کا خیال رہے کہ جس بلڈر سے آپ معاہدہ کر رہے ہیں ان کی پروفیشنل تاریخ موجود ہو۔ ٹرنکی اس پراجیکٹ کو کہتے ہیں جس میں بلڈر پورے پراجیکٹ کو پائے تکمیل تک پہنچانے کا ذمہ دار ہوتا ہے، تمام قسم کے کام جیسے لیبر اور میٹیریل کی حصولی، سائٹ کی سوپرویژن اور کیش ہینڈلنگ وغیرہ بلڈر کی ذمہ داری ہوتی ہے، کلائنٹ کے ذمے صرف بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانا ہوتا ہے، چنانچہ جب پراجیکٹ مکمل ہو جائے تو بلڈر ایک مکمل تیار گھر کی چابیاں کلائنٹ کے حوالے کرتا ہے۔

ٹرنکی پراجیکٹ کی دو مندرجہ ذیل اقسام ہیں:

ٹرنکی صرف گرے سٹرکچر تک

کلائنٹ اور بلڈر کے درمیان معاہدہ طے پاتا ہے کہ پراجیکٹ گرے سٹرکچر کے مکمل ہونے پر پائے تکمیل تک پہنچ جائے گا، جس میں سارا سٹرکچرل ورک شامل ہوتا ہے، کھدائی سے لے کر سلیب ڈالنے تک، اندرونی اور خارجی پلاسٹرنگ، اندر اور باہر کی فلورنگ صرف پی سی سی (پلین سیمنٹ کنکریٹ)، بجلی اور سینیٹری کی مکمل فٹنگ، چھتوں کی واٹر پروفنگ۔ اس قسم کا کانٹریکٹ انتہائی تجویز کردہ ہے کیونکہ گرے سٹرکچر کا سارا کام تکنیکی ہوتا ہے۔ آپ کو ورکنگ اور سٹرکچرل ڈرائنگز سمجھنی پڑیں گی اگر آپ اپنے گھر کا سٹرکچر خود مکمل کرنا چاہتے ہیں اور یہ بہت پیچیدہ کام ہوگا اگر آپ اس کام سے انجان ہیں۔

ٹرنکی مکمل فینشنگ کے ساتھ

کلائنٹ اور بلڈر کے درمیان معاہدہ طے پاتا ہے کہ پراجیکٹ گھر کی مکمل فینشنگ کر کے پائے تکمیل تک پہنچے گا، اس قسم کا پراجیکٹ کافی پیچیدہ ہو جاتا ہے اگر مناسب معاہدے نہ لکھے جائیں جن میں مکمل میٹیریل کی تفصیلات نہ بیان کی جائیں خصوصاً فینشنگ آئٹمز کی تفصیلات۔ گھر کی فینشنگ میں گرے سٹرکچر سے زیادہ اشیاء کا استعمال ہوتا ہے، مزید یہ کہ فینشنگ کے آئٹمز خود مالکِ مکان اپنی پسند سے سلیکٹ کرتا ہے، لہٰذا یہ کام بلڈر کے لئے تھوڑا مشکل ہو سکتا ہے۔

اگر آپ اپنے گھر کی تعمیر کے لیے ٹرنکی گرے سٹرکچر کا کانٹریکٹ کر لیتے ہیں اور جب گرے سٹرکچر مکمل ہو جاتا ہے تو آپ اپنے گھر کی فینشنگ دوسرے مرحلے میں بلڈر کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کر کے بھی کروا سکتے ہیں، جسے سپرویژن کانٹریکٹ کہا جاتا ہے۔ اس قسم کے کانٹریکٹ میں بلڈر فینشنگ کے دوران لیبر اور میٹیریل کی حصولی کے حوالے سے مالک/مالکن کے مکمل مشورے اور رہنمائی کے ساتھ مدد کرتا ہے۔ مالک/مالکن تمام قسم کی ادائیگیاں وقتاً فوقتاً خود ادا کرتا رہے گا۔ تجربہ کار لیبر اور سوپروائزنگ بلڈر کی ذمہ داری ہوگی لیکن لیبر کے ساتھ مالی معاہدے بلڈر اور مالک کی باہمی مشاورت سے طے پائیں گے۔ سپرویژن کانٹریکٹ میں بلڈر عموماً اپنی خدمات کے عوض مکمل لاگت کی کچھ فیصد قیمت وصول کرتا ہے۔ بہرحال اگر آپ گھر کی تعمیر کا کام خود مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیں تو آپ کو ہر قسم کی سختی برداشت کرنے کے لئے تیار ہو جانا چاہئے، اور پھر آپ کا پہلا فیصلہ یہی ہونا چاہئے کہ کسی اچھے آرکیٹیکٹ کی خدمات حاصل کریں جو آپ کے گھر کی ڈرائنگ تیار کرے، اگلے بلاگ میں ان شاء اللہ اسی موضوع پر بات ہوگی۔

Ready to build
without the nightmare?

Tell us the plot, the budget and the deadline — we'll bring the drawings, the crew and the schedule.

Get a Free Consultation →