کام شروع کرنے سے پہلے اچھی ریسرچ نہ کرنا
جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا کہ اکثر لوگوں کو اپنا ڈریم ہاؤس بنانے کا اپنی زندگی میں صرف ایک موقع ملتا ہے۔ لہٰذا اپنی محنت کا بہترین نتیجہ اخذ کرنے کے لئے کسی بھی بڑے اقدام سے پہلے اچھی خاصی تحقیق ضرور کر لینی چاہئے۔ اس کی شروعات اپنے آپ سے اور اپنے رشتہ داروں سے مندرجہ ذیل سوالات کرنے سے کی جائے۔
- کتنا بڑا گھر آپ افورڈ کر سکتے ہیں؟
- کتنا بڑا گھر آپ مینٹین کر سکتے ہیں؟
- آپ کو اور آپ کی فیملی کو کونسی لوکیشن بہتر سوٹ کرتی ہے؟
- آپ کی اور آپ کی فیملی کی بنیادی ضروریات کیا ہیں؟ جو آپ کے ڈریم ہاؤس کے قریب مہیا ہوں؟
- آپ کے نئے گھر کا آپ کے مہمانوں اور رشتہ داروں پر کیا اثر پڑے گا؟
- اگر آپ اپنا ڈریم گھر کسی دوسرے شہر میں بنانا چاہتے ہیں تو کیا آپ اور آپ کی فیملی نئے کلچر کو اپنا پائیں گے؟ اور کیا نئے لوگوں میں گھل مل پائیں گے؟
جب آپ کو ان سوالات کے جوابات مل جائیں تو سمجھئے کہ آپ صحیح راستے پر چل پڑے ہیں، یاد رکھئے! فیملی کا مشورہ بہت ضروری ہے کیونکہ آپ اکیلے اس نئے گھر میں نہیں رہیں گے بلکہ پوری فیملی نے رہائش رکھنی ہے، لہٰذا ہر فیملی ممبر کو حق ہونا چاہئے کہ وہ اپنی ضروریات اور خواہشات کا اظہار کرے۔
کتنا بڑا گھر آپ افورڈ کر سکتے ہیں؟
اپنی معاشی حالت کا اندازہ لگانے سے پہلے ایک بہت ہی اہم بات ذہن نشین کر لیں کہ آپ کے کنسٹرکشن کے دوران یا پہلے اور بعد میں ہونے والے تمام خرچوں کا سیدھا تناسب گھر کے سائز کے ساتھ ہے، جتنا بڑا گھر ہوگا اتنا خرچہ زیادہ ہوگا اور یہ گھر کی زمین خریدنے کے ساتھ ہی شروع ہو جاتے ہیں، اس کی ایک چھوٹی سی مثال کے طور پر ہم فرض کر لیتے ہیں کہ آپ نے 5 مرلے (125 گز) کا گھر بنانا ہے تو اس کے لئے آپ کو:
- زمین کے لئے کم پیسے ادا کرنے ہوں گے ایک بڑے گھر کی نسبت
- ٹرانسفر فیس، ڈیلر کے کمیشن وغیرہ کی مد میں کم پیسے ادا کرنے ہوں گے
- ایڈوانس میں انکم ٹیکس، کیپیٹل ویلیو ٹیکس اور اسٹامپ ڈیوٹی وغیرہ کی مد میں بھی کم پیسے ادا کرنے ہوں گے
- گھر کے نقشے کی منظوری کے لئے بھی کم پیسے دینے ہوں گے
- بجلی، پانی اور سیوریج جیسی سہولیات حاصل کرنے کے لئے بھی پیسے کم لگیں گے
- گھر کی تعمیر بھی سستی ہوگی
- مستقبل میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں بھی کم ہی ٹیکس دینا ہوگا
جیسے کہ اوپر لکھا کہ جتنا بڑا گھر ہوگا اتنا خرچہ زیادہ ہوگا
آپ کتنا بڑا گھر مینٹین کر سکتے ہیں؟
جب ڈریم ہاؤس کی تعمیر مکمل ہو جائے اور پورا فرنش کر لیا جائے تو وہ رہائش کے لئے تیار ہو جاتا ہے اور جب آپ اس نئے گھر میں رہائش کر لیں تو اس کی خوبصورتی اور تعمیر کی حفاظت کے لئے مینٹیننس لازمی ہوتی ہے، جتنا چھوٹا گھر ہوگا اتنی مرمت (مینٹیننس) کم کرنی پڑے گی اور اس کو خود مینٹین کیا جا سکتا ہے، لیکن جتنا بڑا گھر ہوگا اتنا کام زیادہ ہوگا جس کے لئے آپ کو نوکر اور ملازموں کو رکھنا پڑے گا جو صفائی اور مینٹیننس کا خیال رکھیں گے جس سے آپ کا خرچہ بڑھ جائے گا، آپ کے نئے گھر کی جدت کو برقرار رکھنے کے لئے کچھ اضافی کام بھی وقتاً فوقتاً کرواتے رہنا ہوگا جن میں ری پینٹ، خراب سامان کی ردوبدل یا پھر خراب الیکٹرک/پلمبنگ کموڈیٹیز اور اپلائنسز کو تبدیل کرتے رہنا ہوگا، ساتھ ہی ساتھ باغبانی اور لینڈ سکیپنگ کا کام بھی کروانا ہوگا۔
جیسا کہ پہلے ذکر ہوا، چھوٹے گھر میں بنیادی ضرورتیں جیسے بجلی، پانی اور سیوریج لانے کے لیے بھی خرچہ کم آتا ہے، اور جب یہ ایک بار حاصل ہو جائیں تو پھر سب سے زیادہ ماہانہ بار بار ہونے والے خرچے یہی ہوتے ہیں۔ بڑے گھر کا مطلب بڑے کمرے، گرمیوں میں انہیں ٹھنڈا کرنے اور سردیوں میں گرم کرنے کے لئے اتنی توانائی زیادہ لگے گی، اسی طرح بڑے واش رومز اور کچن کے لئے پانی زیادہ استعمال ہوگا، سیوریج اور سولڈ ویسٹ، سیکیورٹی اور اسٹریٹ لائٹس پر بھی ماہانہ خرچہ آئے گا۔
آپ کو اور آپ کی فیملی کو کونسی لوکیشن بہتر سوٹ کرتی ہے؟
جب آپ اپنے ڈریم ہاؤس کے پلاٹ خریدنے کے لئے سوسائٹی کا انتخاب کر رہے ہوں تو ایک بات کا خیال ضرور رکھیں کہ آپ کی کام کی جگہ سے کتنی دور ہے؟ یقیناً آپ یا تو جاب کرتے ہوں گے یا پھر بزنس مین جو کم از کم دن میں ایک بار آئے گا اور پھر واپس جائے گا، کہیں یہ روٹین درد سر نہ بن جائے، اور اگر آپ کے بچے اسکول یا کالج جاتے ہیں تو انہیں کتنا سفر روز طے کرنا ہوگا، یہ دونوں بہت اہم سوالات ہیں۔
آپ کی اور آپ کی فیملی کی بنیادی ضروریات کیا ہیں؟ جو آپ کے ڈریم ہاؤس کے قریب مہیا ہوں؟
گھر کے لئے پلاٹ خریدنے سے پہلے اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ بنیادی ضروریاتِ زندگی تک رسائی بآسانی ہو، جیسے کہ اچھے اسکول، مشہور کالجز، بہترین اسپتال، مسجد، روزمرہ کی گروسری اسٹورز، کمرشل اور شاپنگ مالز۔ یہ سب ایک اچھی لائف اسٹائل اور کمیونٹی لیونگ کی علامت ہیں۔
آپ کے نئے گھر کا آپ کے مہمانوں اور رشتہ داروں پر کیا اثر پڑے گا؟
اگر آپ کا تعلق ایک بڑے خاندان سے ہے اور آپ کا سوشل نیٹ ورک وسیع ہے تو یقیناً آپ کے گھر کافی مہمانوں کی آمد و رفت ہوگی، چنانچہ اپنے ڈریم گھر کی پلاننگ کرتے وقت اس اہم نکتے کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے، شہر سے زیادہ فاصلے پر ہونے کا مطلب ہے کہ مہمانوں کا آنا جانا کم ہوگا جس سے آپ کی رشتہ داری یا دوستی میں خلل آ سکتا ہے۔
اگر آپ اپنا ڈریم گھر کسی دوسرے شہر میں بنانا چاہتے ہیں تو کیا آپ اور آپ کی فیملی نئے کلچر کو اپنا پائیں گے؟ اور کیا نئے لوگوں میں گھل مل پائیں گے؟
یہ ایک طبعی بات ہے کہ آپ اس جگہ کے عادی ہو جاتے ہیں جہاں آپ کی پرورش ہوئی ہو اور آپ نے ایک لمبا عرصہ وہاں گزارا ہو، چنانچہ جب آپ اور آپ کی فیملی زندگی کے کسی لمحے کسی بھی حالات میں ایک نئے شہر میں سیٹل ہونے کا سوچتے ہیں تو آپ کو نئی جگہ کا عادی ہونے میں وقت لگتا ہے، آپ کو نئے کلچر اور نئے لوگوں میں ایڈجسٹ ہونا پڑتا ہے، جو کہ ایک مشکل اور سست پراسس ہوتا ہے بالآخر آپ کو اس کی عادت ہو جاتی ہے۔