ٹرنکی کانٹریکٹ معاہدہ اور انتخاب کے معیار
ہم نے پچھلے بلاگز میں تفصیلی طور پر لکھا کہ جب کلائنٹ خود اپنا گھر بنا رہا ہو تو ٹھیکیدار کے انتخاب کے وقت اسے کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے، اور اس بات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی کہ ٹھیکیدار کو فائنل کرنے کے بعد ان سے معاہدہ کرتے وقت کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ آج ہم اس بات پر بات کریں گے کہ کنسٹرکشن کمپنیز یا بلڈرز کے ساتھ ٹرنکی کانٹریکٹ بمعہ میٹیریل کیسے کیا جاتا ہے؟ اور کمپنی یا پھر بلڈر کا انتخاب کرتے وقت کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے اور کانٹریکٹ میں کونسے اہم نکات شامل کرنے چاہئیں۔
گھر بنانے کے دو طریقے ہیں۔ پہلا، اگر کلائنٹ کے پاس کافی وقت ہو، اچھی لیبر ہو اور خصوصاً گھر بنانے کا تجربہ ہو تو پھر صرف لیبر کانٹریکٹ کرے اور کام شروع کرے اور باقی خرچہ بچائے، لیکن کسی کنسٹرکشن کمپنی کی سوپرویژن سروسز حاصل کرلینی چاہئیں تاکہ گھر بناتے وقت کسی قسم کی تکنیکی خرابی پیش نا آئے اور گھر بہترین اور سکون سے بن جائے۔
دوسرا، اگر مالک کے پاس گھر خود بنانے کا وقت نا ہو، یا تجربہ کار لیبر نا ہو، خصوصاً اگر ان کو گھر بنانے کا تجربہ نا ہو، تو بہتر ہوتا ہے کہ ٹرنکی کانٹریکٹ یا پھر میٹیریل کے ساتھ کانٹریکٹ کر لیا جائے۔ جیسا کہ ہم نے پچھلی کئی ویڈیوز میں کہا ہے کہ گھر بنانے کے دو اہم مرحلے ہوتے ہیں: گرے اسٹرکچر اور فینیشنگ۔ بہر کیف اگر آپ ٹرنکی کانٹریکٹ کریں یا پھر میٹیریل کے ساتھ کانٹریکٹ کریں، گھر بنانے کے مراحل وہی رہیں گے۔ گرے اسٹرکچر بنانا ٹیکنیکل کام ہوتا ہے، اس کو ہمیشہ کسی اچھے تجربہ کار بلڈر یا پھر ایسی کمپنی کی زیرِ نگرانی کروانا چاہیے جن کے پاس تعمیراتی سامان مکمل ہو۔ مرحلہ وار گھر تعمیر کروانے کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ کلائنٹ کو گرے اسٹرکچر کی کوالٹی سے پتہ چل جاتا ہے کہ اس کمپنی یا بلڈر سے فینیشنگ کا کام کروانا ہے کہ نہیں۔
گھر کی تعمیر کے لیے کمپنی کا انتخاب کرتے وقت کچھ اہم چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے:
1: تجربہ کار کمپنیوں کی فہرست بنائیں
سب سے پہلے کلائنٹ ایسی تمام کمپنیوں کے نام علیحدہ کرے جو ٹرنکی کانٹریکٹ پر کام کرتی ہوں اور اس میں خوب تجربہ رکھتی ہوں، یہ ایک بہت اہم نقطہ ہے کیونکہ ایک ایسا بلڈر جو ایک گھر بنا رہا ہو جسے اس نے خود بیچنا ہو، اور ایک ایسا گھر جو کلائنٹ کی شرائط اور ضروریات کے مطابق ٹرنکی کانٹریکٹ پر بنائے، ان کے خرچے میں کافی فرق ہوتا ہے۔
2: تفصیلی کوٹیشن لیں
کسی بھی کمپنی کے انتخاب سے پہلے مختلف کمپنیوں سے تفصیلی نرخ ضرور لیں، جن میں تفصیل سے میٹیریل کے نرخ اور بلڈر کے کام کا دائرہ کار ضرور لکھا ہو تاکہ مستقبل میں کام کے دوران کسی قسم کا اختلاف نا آئے۔
ٹرنکی کانٹریکٹ کا نمونہ معاہدہ (سیمپل) دیکھنے کے لیے کمپنی سے رابطہ کریں۔
3: جاری پراجیکٹوں پر خود جا کر دیکھیں
کمپنیوں کے کام کے دائرہ کار، اسٹرکچر، مین پاور اور کام کی کوالٹی کا موازنہ کر کے کسی ایک کمپنی یا بلڈر کو فائنل کریں۔ کمپنی کو فائنل کرنے سے پہلے ایک کام اور ضروری کرلیں کہ کمپنی کے جاری پراجیکٹوں پر جائیں اور ان کے کام کو جانچیں اور دیکھیں کہ ان کے زیرِ استعمال جو میٹیریل ہے وہ کیسا ہے؟ ان کا کام کرنے کا طریقہ کار کیسا ہے؟ تاکہ آپ کو ان کے کام کرنے کا طریقہ کار اچھی طرح سے سمجھ آجائے۔
4: تفصیلی قانونی معاہدہ
بالآخر کلائنٹ اور منتخب شدہ کمپنی کے درمیان ایک لمبا اور تفصیلی معاہدہ ہونا چاہیے جس میں کمپنی کے کام کی مکمل تفصیل، گھر کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹیریل کی کوالٹی، استعمال ہونے والی چیزوں کی قیمتیں، ان کے برانڈز کے نام، کام کی کوالٹی کا ذکر، ادائیگیوں کا جدول، اور مکمل تفصیلی طور پر کمپنی کے کام کا دائرہ کار اور کمپنی یا بلڈر کے ذمہ کیا کام ہوں گے — یہ سب درج ہوں۔ دونوں فریق، کلائنٹ اور بلڈر، اپنی ذاتی تفصیلات لکھیں گے اور وہ تمام امور معاہدے میں لکھیں گے جو ان کے درمیان طے پائے ہوں۔