ریٹیننگ والز بیسمنٹ کے لیے
گزشتہ قسط میں مندرجہ ذیل اقدامات پر بات ہوئی تھی:
- ٹو وال
- ویپر بیریئر
- ری انفورسمنٹ
- پانی سے جوڑ کی حفاظت کے لیے پی وی سی
- بیسمنٹ کی بیڈنگ کے لیے کنکریٹ کی بھرائی
اس قسط میں آر سی سی کی ریٹیننگ والز پر بات ہوگی جس میں مندرجہ ذیل امور کو زیر بحث لایا جائےگا۔
ریٹیننگ والز کے لیے لے آؤٹ
آر سی سی کا بیڈ تیار کرنے کے بعد پہلا کام ہوتا ہے آر سی سی ریٹیننگ والز تیار کرنا، اور اس کے لیے سب سے پہلے دیواروں کے لے آؤٹ کے لیے کنکریٹ سٹارٹر کی نشاندہی کرنا ضروری ہے، سٹارٹر کا ایک فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ ریٹیننگ والز کے لیے کنکریٹ ڈالنے کے لیے جو شٹرنگ کی جاتی ہے اس کی بھی نشاندہی سٹارٹر سے ہو جاتی ہے۔
ریٹیننگ والز کے لیے سٹیل کا جال (ری انفورسمنٹ)
سٹرکچرل انجینئر کی ڈرائنگ کے عین مطابق آر سی سی ریٹیننگ والز کے لیے سٹیل کا ایک جال بنایا جاتا ہے، اس سٹیل کے جال میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاتا کیونکہ اس نے اردگرد کی مٹی کا سارا وزن برداشت کرنا ہوتا ہے۔
ایلیکٹریکل پائپنگ
سٹیل کا جال بچھانے کے بعد شٹرنگ کرنے سے پہلے سٹیل کے جال میں بجلی کی پائپنگ کا کام مکمل کیا جاتا ہے، بجلی کی پائپنگ ڈرائنگ کے مطابق حسب ضرورت کی جاتی ہے۔
شٹرنگ کا طریقہ کار
ریٹیننگ والز میں کنکریٹ کی بھرائی کے دوران اس کو روکنے کے لیے شٹرنگ کی جاتی ہے، شٹرنگ کئی طریقوں سے ہوتی ہے: لکڑی کے تختوں سے، سٹیل کے تختوں سے، پلائی شیٹ سے۔
کنکریٹ کی بھرائی 1:2:4 M15
M15 کنکریٹ کی بھرائی میں 1 تناسب سیمنٹ، 2 تناسب ریت، 4 تناسب بجری کے مخلوط میں 24 سے 25 لیٹر پانی ڈالا جاتا ہے، کنکریٹ کو ہمیشہ لوہے کی راڈ سے اچھی طرح مکس کر لینا چاہیے، جتنا مکس کیا جائےگا اتنی ہی مضبوطی آئےگی۔ مزید واٹر پروفنگ کے لیے ایڈ مکسچر (کیمیکل) کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جس سے ہنی کامبنگ کا ایشو بھی حل ہو جائےگا، کنکریٹ کی بھرائی کے بعد کم از کم 10 دن کے لیے تراوت کی جائے تاکہ مضبوطی بھرپور طریقے سے آ جائے۔
آر سی سی (ری انفورسڈ سیمنٹ کنکریٹ) سٹرکچر بہت مہنگا ہوتا ہے، اور بیسمنٹ کی تیاری اسی سے ہوتی ہے، بیسمنٹ تیار کرنا تقریباً اکثریت کے بجٹ سے باہر ہوتا ہے، لیکن بہرحال اس کے فوائد بہت ہیں، جیسا کہ ایکسٹرا جگہ، سردی اور گرمی میں کنٹرولڈ درجہ حرارت، باہر کی ہر قسم کی آلودگی، شور اور گندگی سے صاف ہوتا ہے۔ بیسمنٹ کو مکمل اور جزوی طور پر رہائش کے لیے ڈیزائن کیا جا سکتا ہے، مکمل رہائش ماسٹر بیڈروم واش روم کے ساتھ، لیونگ ایریا، سٹور، سرونٹ روم وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے، جبکہ جزوی رہائش میں صرف لیونگ ایریا وغیرہ شامل ہوتا ہے۔ جزوی رہائش والا ڈیزائن زیادہ تجویز کردہ ہے کیونکہ اس میں گیلی جگہ کم ہوتی ہے، کیونکہ کچن اور واش روم نہیں ہوتے جس کے لیے کسی سیپٹک ٹینک یا ویسٹ ڈسپوزل سسٹم کی ضرورت نہیں ہوتی۔