لک / بٹومن
کنسٹرکشن کے دوران لک کا استعمال ناگزیر ہے ، جیسا کہ پولیتھین شاپر ، لک کا استعمال بھی پانی اور نمی سے بچنے کیے لیے کیا جاتا ہے ۔ لک مختلف کوالیٹیز میں دستیاب ہے اور یہ تقریبا ہر چھوٹی بڑی ہارڈوئیر دکان سے مل جاتا ہے لیکن نسبتا ہلکی کوالیٹی کا ، اچھی کوالیٹی والے میں گاڑھا پن زیادہ ہوتا ہے۔ اگر لک پتلا سائل کی طرح ہو تو اس کو استعمال کرنے
سے گریز کرنا چاھیے کیونکہ اس میں پانی شامل کرنے کے بعد وہ بالکل ہی ناکارہ ہوجائےگا۔
پولیتھین شاپر
پولیتھین شاپر کنسٹرکشن شروع کرنے سے آخر تک گاہے بگاہے استعمال میں آتا رہتا ہے ، جیسا کہ واٹر پروفنگ ، اینٹوں کی ترائی ، گھر کی ترائی اور بارش کے وقت سامان کو ڈھانپنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ خصوصی تیار کردہ پولیتھین شیٹ بنیادوں میں ڈیمپ پروف کورس ( ڈی پی سی ) کے دوران بھی استعمال کیا جاتا ہے جسے ڈیمپ پولیتھین کہتے ہیں ۔ بہرحال اس کے علاوہ اس سے بہتر وسائل موجود ہیں جن سے واٹر پروفنگ کا کام زیادہ موثر طریقہ سے کیا جاسکتا ہے جو کہ ہم آگے چل کے بتائیں گے۔ پولیتھین شاپر ہمیشہ رول میں خریدیں کیونکہ اس کی ضرورت پراجیکٹ کے آخر تک پیش آتی رہتی ہے ، چھوٹے چھوٹے پیس میں خریدنا مہنگا پڑتا ہے۔
گسو
گسو کی ضرورت بنیادوں کو بھرنے میں پڑتی ہے ، جب بنیادوں کی چنائی کا کام مکمل ہوجائے اس کے بعد گسو ڈالا جاتا ہے ۔ گسو کے ڈمپرہمیشہ کسی ڈیلر یا ایجنٹ سے خریدے جائیں بجائے اس کے کہ گسو علیحدہ خریدیں اور پھر اس کو بنیادوں میں بھرنے کے لیے علیحدہ لیبر لگائیں ، اس لیے بہتر ہے کہ کسی ایجنٹ یا ڈیلر سے لم سم ٹھیکہ کر کے بنیادوں کی بھرائی کروائیں جس میں وہ متفقہ لیول تک بنیادوں کو بھر کے دینے کا پابند ہوگا ۔ گسو ہمیشہ گند ، اسٹرا اور گھاس پھوس سے صاف ہونا چاہئے۔
زیرو چپس
یہ چپس کی سب سے بہترین کوالیٹی ہوتی ہے جو کہ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوتی ہے، یہ چپس پلستر میں استعمال ہونے والا اہم میٹیرئل ہے ، لیکن چونکہ آج کل چپس فلور بنانے کا ٹرنڈ جاچکا ہے اس لیے اس کا استعمال صرف واٹر پروفنگ اور چپس پلستر کی حد تک رہ گیا ، یہ 10 کلو کی پیکنگ میں بلڈنگ میٹریئل کی دوکان میں باآسانی دستیاب ہوتا ہے۔
گارا
گارا پنجاب کے علاقوں میں ایک سستا اور بہت ہی بہترین قسم گرمائش سے بچاو کا ذریعہ ہے ، سب سے اوپر والی منزل کی سلیب پر واٹر پروفنگ کا کام مکمل کرنے سے پہلے اس گارے کی ایک پرت ڈالی جاتی ہے۔ اس میں صاف ستھرا اور سوکھا گارا استعمال کیا جاتا ہے۔